بھارت میں مقیم پاکستانی اداکارہ وینا ملک ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ اس بار انہوں نے منگل کو اپنی سالگرہ کے دن ایک منٹ میں اپنے ہاتھ پر ایک سو سینتیس بوسے لے کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
انہیں امید ہے کہ اس ریکارڈ کے بعد ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شائع کیا جائے گا۔ اس سے قبل سلمان خان نے اپنے ہاتھ پر ایک منٹ میں ایک سو آٹھ بوسے حاصل کر کے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
متعلقہ عنوانات
وینا ملک نے بی بی سی اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بہت سے ریکارڈ انجانے میں توڑے ہیں لیکن اس بار انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ باقاعدہ یہ کام کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ’دی سٹی وچ نیور سلیپس‘ نامی ایک فلم کر رہی ہیں جس میں بیس عالمی ریکارڈ توڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
منگل کو ان کی سالگرہ کے موقع پر انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ ہاتھ پر ایک منٹ میں سب سے زیادہ بوسے لینے کا ریکارڈ توڑیں گی۔ وینا ملک نے بتایا کہ ان کا یہ تجربہ خوشگوار رہا۔
اس سوال پر کہ وہ مزید کون سے ریکارڈ توڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو انہوں نے فلم کی پرائیویسی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنے کو وجہ بتاتے ہوئے ان ریکارڈز کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
وینا ملک نے کہا کہ ’ریکارڈ بناتے ہوئے تمام اصولوں کو مدنظر رکھا گیا تھا جو کسی بھی عالمی ریکارڈ کو بنانے یا توڑنے کے لیے درکار ہوتے ہیں اور آج جو ریکارڈ توڑنے کی ہم نے کوشش کی تھی اس میں بھی ایسا ہی تھا۔ یہ آپ کو اس کی عکس بندی دیکھ کر اندازہ ہو جائےگا۔ اب ہماری ٹیم وہ عکس بندی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کو بھیجے گی جو اس کو پرکھنے کے بعد باقاعدہ سند جاری کریں گے۔‘
"بوسے تو ہوتے ہی اچھے ہیں اور یہ ایک عقیدت کا اظہار ہوتا ہے اگر آپ کو ہاتھ پر بوسہ دے۔ وہاں پر اگر ایک منٹ میں اتنے بوسے ملیں تو یہ بہت خوبصورت احساس اور ریکارڈ ہے۔"
وینا ملک
سب سے زیادہ بوسے حاصل کرنے پر وینا ملک کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت اچھا احساس تھا۔ انہوں نے کہا ’بوسے تو ہوتے ہی اچھے ہیں اور یہ ایک عقیدت کا اظہار ہوتا ہے اگر آپ کو ہاتھ پر بوسہ دے۔ وہاں پر اگر ایک منٹ میں اتنے بوسے ملیں تو یہ بہت خوبصورت احساس اور ریکارڈ ہے۔‘
اس ریکارڈ پر پاکستان میں تنقید کیے جانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لوگ بہت سے معاملات میں آپ کے بارے میں رائے قائم کرتے ہیں اور ان کے معاملے میں تو یہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر بوسہ دینے میں جھجھک محسوس کرتی ہیں لیکن یہ بالی وڈ کی فلموں میں ضروری سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان آنے کے سوال پر وینا ملک نے کہا کہ ’میں بہت جلد پاکستان آؤں گی۔ ایسا بہت مشکل ہوتا ہے کہ اپنی مٹی ، اپنا وطن، جہاں آپ پلے ہوں بڑھے ہوں جہاں آپ نے پڑھا ہے وہاں سے دور رہنا بہت مشکل ہوتا ہے شاید بہت کم لوگ سمجھ پائیں گے ان احساسات کو۔ میں کسی بھی ملک میں کام کروں میں اپنے وطن سے دور نہیں رہ پاؤں گی۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’گو کہ مجھے بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے پاکستان میں لیکن بہت سارا پیار بھی ملا ہے مجھے وہاں اور میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو ہمیشہ کے لیے پاکستان سے دور رہ سکیں۔‘
No comments:
Post a Comment