July 3, 2014

کراچی میں نئی سٹریٹ فورس آگئی، طالبان نے سیاسی جماعت کو بھی اُس کے علاقے سے نکال دیا: امریکی اخبار

30 مارچ 2013 (16:49)

کراچی میں نئی سٹریٹ فورس آگئی، طالبان نے سیاسی جماعت کو بھی اُس کے علاقے سے نکال دیا: امریکی اخبار
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں طالبان سٹریٹ فورس بن چکے ہیں،وہ اس شہر میں دہشت کو پھیلا کر ایک نئے گینگز کے طور پر سامنے آگئے ہیں،شہرقائد میں طالبان کا زیادہ اثرورسوخ پشتون آبادیوں پر ہے اوراِنہی علاقوں میں سے سیاسی پارٹیوں کو بھی اُنہوں نے نکال باہرکیاہے ،کراچی میںطالبان کے تین گروہ ہیں، نئے گینگ وار نے قدم پھیلا لیے ہیں ، اور تقریباً تمام گروپوں کو شکست دی ۔ امریکی اخبار”نیویارک ٹائمز“کے مطابق کراچی کے کئی علاقوں میں طالبان ہی سب سے غالب قوت ہیں،اپنی عدالتیں قائم کر رکھی ہیں، وہ بھتے کے ریکٹ چلاتے ہیں اور شہر میں دہشت گرد حملے کرتے ہیں۔امریکی اخبار کے پولیس اور عسکریت پسند ذرائع کے مطابق کراچی میں تین قسم کے طالبان کارروائیاں کر رہے ہیں، طاقتور گروپ کا تعلق جنوبی وزیر ستان کے محسود قبائل سے ہے جبکہ دو دیگر کا تعلق سوات اور مہمند علاقے سے ہیں۔اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان طالبان کو قبائلی پٹی سے احکامات دیئے جاتے ہیںجبکہ مقامی مجرم گروپ بھی اپنی طاقت کا مظاہر ہ کرنے کیلئے خود کو طالبان ظاہرکرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کراچی میں طالبان کی آمد کو کچھ لوگ قبائلی علاقے میں آپریشن بتاتے ہیں اور کچھ خلیجی ریاستوں سے فنڈنگ نہ ہونا۔ اخبار کے مطابق کراچی میں پچاس لاکھ پشتون آباد ہیں اور طالبان کا اثر انہی کی آبادیوں میں ہے۔ پچھلے ایک سال کے دوران ان علاقوں سے عوامی نیشنل پارٹی کو نکال دیا گیا ہے۔ پارٹی کے سندھ کے صدر شاہی سید کے مطابق پچھلے چند ماہ میں ان کی پارٹی نے تیس دفاتر خالی کیے ہیں، وہ طالبان کے نمبر ون دشمن ہیں۔ اخبار کے مطابق کراچی کے لئے جرائم پیشہ گینگز کے پر تشدد واقعات کوئی نئی بات نہیں جہاں مسلح گروپ رقم،زمین پر قبضہ اور ووٹ کے لئے برسرپیکار رہتے ہیں لیکن اب شہر میں ایک نئے گینگ پاکستانی طالبان نے اپنے زبردستی قدم پھیلا دیئے ہیں اور وہ سر عام زمینوں پر قبضے کر رہے ہیں،انہوں نے تیزی سے بھتا ریکٹ قائم کیے جس میں انہوں نے بزنس مینوں اور تاجروں کا ٹارگٹ کیا ۔ کراچی میں اسٹریٹ وار کا حصہ بنتے ہوئے طالبان نے مقابلہ کرتے مجرمانہ ،نسلی اور سیاسی مسلح گروپو ں کے طویل عرصہ سے قائم وسیع نیٹ ورک کو شکست دے دی ہے جس سے واضح ہے کہ طالبان کا ایجنڈا وسیع ہے ،وہ پاکستانی ریاست کو زبردستی ختم کرنا چاہتے ہیںاور ان کی کارروائیوں کو افغان سرحد سے چلایا جا رہا ہے۔

No comments:

Post a Comment